یہ پاکستان کے ساتھ دشمنی میں آخری حد تک چلے گئے ہیں، فساد کی پلاننگ میں اس جھوٹ کا ذکر ملک کے خلاف سازش ہے
پاکستان کے عوام ان دونوں نوسر بازوں کا بھیانک چہرہ دیکھ چکے ، فتنہ پارٹی پاکستان اور قوم کیلئے ناقابل قبول ہو چکی ہے :بیان
لاہور(سپیشل رپورٹر‘ایجنسیاں )وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کا ایجنڈا وہی ہے جو اسرائیل کا ہے۔اپنے ایک بیان میں عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشری پنکی پاکستان کے ساتھ دشمنی میں آخری حد تک چلے گئے ہیں، فساد کی پلاننگ میں اس جھوٹ کا ذکر بلاشبہ ملک کے خلاف ایک سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ بشری پنکی نے برادر اسلامی ممالک سے متعلق شرمناک بیان بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر دیا، بانی پی ٹی آئی نے بطور وزیراعظم سعودی عرب، چین اور امریکہ کے ساتھ تعلقات نازک موڑ تک پہنچائے۔عظمی بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کو عالمی تنہائی کا شکار کرنے کے لیے ہر حربہ استعمال کیا، اب بشری پنکی اپنے شوہر کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے ملکی خارجہ پالیسی کو دائو پر لگا رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے دو سال میں بڑی محنت سے چین اور سعودی عرب کے ساتھ دوستانہ تعلقات بحال کیے، ایک جاہل خاتون دوست ممالک کے خلاف بیان دے کر کس کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے؟ بانی پی ٹی آئی اور بشری پنکی کا ایجنڈا وہی ہے جو اسرائیل کا ہے۔ پاکستان کے عوام اب ان دونوں نوسر بازوں کا بھیانک چہرہ دیکھ چکے ہیں، فتنہ پارٹی پاکستان اور قوم کے لیے ناقابل قبول ہو چکے ہیں۔