صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے عراق کے دارالحکومت بغداد میں مذہبی اور روحانی مقامات پر حاضری دی اور مسلم امہ کے اتحاد اور امن کے لیے دعائیں کیں۔
انہوں نے سب سے پہلے حضرت شیخ عبدالقادر جیلانیؒ کے مزار پر جا کر فاتحہ خوانی کی اور دعا کی، پھر کاظمیہ میں امامِ موسیٰ الکاظمؒ اور امامِ محمد التقیٰ الجوادؒ کے روضوں پر حاضری دی۔ وہاں انہوں نے امتِ مسلمہ کے اتحاد، عالمی امن، اور اسلامی ممالک کی خوشحالی کے لیے دعا کی اور زائرین کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ انہوں نے ائمۂ اہلِ بیتؑ کی تعلیمات کو علم، صبر، حکمت اور اخلاقی اقدار کا سرچشمہ قرار دیا۔
صدر نے امامِ اعظم ابو حنیفہؒ کے مزار پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اور امام ابو حنیفہؒ کی خدمات کو سراہا۔ اس دوران انہوں نے مزارات کے منتظمین اور مبلغین سے ملاقاتیں کیں اور زیارات کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔یہ دورہ مسلمانوں کے مابین بین المذاہب ہم آہنگی، اسلامی ورثے سے وابستگی اور اتحاد کے عزم کی علامت ہے۔