نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی داتا دربار پر حاضری، فاتحہ خوانی اور ملکی سلامتی و ترقی کے لیے دعا

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی داتا دربار پر حاضری، فاتحہ خوانی اور ملکی سلامتی و ترقی کے لیے دعا

نائب وزیراعظم و سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے لاہور میں حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

 اس موقع پر انہوں نے داتا دربار آنے والے ملکی و غیر ملکی زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔تفصیلات کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی داتا دربار آمد پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ایڈمنسٹریٹر داتا دربار نے ان کا استقبال کیا اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے نائب وزیراعظم کو مزار شریف پر جاری ترقیاتی اور تزئین و آرائش کے کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی اور منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ترقیاتی کاموں کے معیار اور رفتار کو مسلسل پیش نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں کو بہتر انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ زائرین کو زیادہ سہولت میسر آ سکے۔

زائرین کو سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات محبت، اخوت، رواداری اور خدمتِ انسانیت کا لازوال پیغام ہیں، جن پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ داتا دربار آنے والے زائرین، بالخصوص بیرونِ ملک سے آنے والے عقیدت مندوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی آمد و رفت اور حاضری کے دوران آسانیاں پیدا کرنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔