اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی و مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا دفاعی معاہدہ نہ صرف پاکستان کی سلامتی بلکہ پوری مسلم دنیا کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کی علامت ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ خطے میں امن، توازن اور اسٹریٹیجک استحکام کو یقینی بنائے گا اور بھارت سمیت کسی بھی جارحانہ اقدام کے نتائج واضح کرے گا، کیونکہ پاکستان پر حملہ سعودی عرب پر حملے کے مترادف ہوگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ دفاعی تعاون معیشت پر بھی مثبت اثر ڈالے گا، سرمایہ کاری اور اعتماد میں اضافہ کرے گا اور پاکستان کی ترقی کے سفر کو تقویت دے گا۔احسن اقبال نے بتایا کہ وہ اگلے ہفتے چین کا دورہ کریں گے جہاں سی پیک ٹو کے حوالے سے اہم معاملات طے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا اور آنے والے وقتوں میں تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔انہوں نے سی پیک کے دوسرے مرحلے، دیامیر بھاشا ڈیم اور قراقرم ہائی وے کی ترقیاتی منصوبوں پر بھی زور دیا، جن سے شمالی علاقوں میں ترقی، سیاحت اور تجارت کو نئی بلندی ملے گی۔