درجنوں افغان شہری غیر قانونی طور پر ایرانی سرحد عبور کرتے جاںبحق

15 افغان مہاجرین کی لاشیں کوہسان اور ادرسکن اضلاع منتقل، ایران کا 300 کلومیٹر طویل سرحدی باڑ مکمل کرنے کا فیصلہ 
 تہران(آئی این پی)درجنوں افغان شہری غیر قانونی طور پر ایرانی سرحد عبور کرتے ہوئے جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔ایرانی جریدے نے افغان باشندوں کی سرحدی دراندازی پر اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ متعدد افغان شہری غیر قانونی سرحد عبور کرتے ہوئے ہلاک ہو گئے، 15 افغان مہاجرین کی لاشیں کوہسان اور ادرسکن اضلاع منتقل کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق ایران افغان سرحد پر 40 ہلاکتوں اور متعدد مہاجرین کے لاپتہ ہونیکی اطلاعات ہیں، افغان باشندے اسلام قلعہ کے راستے سے شہر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔سینئرایرانی سرحدی کمانڈر کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2025 ایران میں غیر قانونی داخلے کی کوششوں میں دگنا اضافہ ہوا۔دوسری جانب ایرانی جریدے کے مطابق رواں سال 16 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین، پناہ گزینوں کو بے دخل کیا جا چکا ہے ۔ ایرانی حکام کے مطابق حالیہ 12 روزہ تنازعے کے دوران بعض افغان شہری اسرائیل کے لیے جاسوسی میں بھی ملوث پائے گئے۔عالمی نشریاتی ادار ے کے مطابق بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایران نے رواں سال 300 کلومیٹر طویل سرحدی باڑ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ افغان سرزمین پر سرگرم منظم دہشت گرد نیٹ ورکس نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی عدم استحکام کا باعث بن رہے ہیں، پاکستان متعدد بار عالمی برادری کو افغان سرزمین کے دہشت گرد نیٹ ورکس کے لیے استعمال ہونے کے شواہد فراہم کر چکا ہے اور اس مسئلے کے مستقل حل کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔