انسانی سمگلروں، ایجنٹوں کو مسافروں نے فی کس 12 لاکھ روپے تک کی بھاری رقم ادا کی تھی
مسافروں نے ایجنٹوں کے ذریعے خطرناک راستوں سے ترکیہ کی سرحد عبور کرنے کی کوشش کی تھی
اسلام آباد(آئی این پی ) ترکیہ سے غیر قانونی سرحد عبور کرنے پر ڈیپورٹ ہونے والے 10 پاکستانی شہریوں کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ترکیہ میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش پر ڈیپورٹ کیے گئے 10 پاکستانی شہریوں کو اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچتے ہی ایف آئی اے امیگریشن نے حراست میں لے لیا۔ترجمان نے بتایا کہ مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کیلئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ایف آئی اے کی ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ان مسافروں نے بیرونِ ملک سفر کے لئے انسانی اسمگلروں اور ایجنٹوں کو فی کس 2 لاکھ سے 12 لاکھ روپے تک کی بھاری رقم ادا کی تھی، تمام مسافروں نے ایجنٹوں کے ذریعے غیر قانونی اور خطرناک راستوں سے ترکیہ کی سرحد عبور کرنے کی کوشش کی تھی، جہاں ترکیہ پولیس نے انہیں حراست میں لے کر پاکستان ڈیپورٹ کر دیا۔ایف آئی اے حکام کے مطابق نامزد ایجنٹوں اور انسانی اسمگلروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور ملزمان کے خلاف قانونی چارہ جوئی جاری ہے۔