اسلام آباد(آئی این پی )ایرانی وزارت خارجہ کے سینیئر اہلکار حسن نوریان نے کہا ہے ایرانی اور پاکستانی حکام سمجھتے ہیں کہ دونوں ملکوں کے درمیان 900 کلومیٹر طویل سرحد کو سکیورٹی بارڈر سے اقتصادی بارڈر میں تبدیل کیا جانا چاہیے ۔میڈیارپورٹ کے مطابق حسن نوریان نییہ بات صدر مسعود پزشکیان کے دورہ پاکستان کے نتاظر میں کہی۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہے کہ ایران وہ پہلا ملک ہے جس نے 1947 میں پاکستان کو سب سے پہلے تسلیم کیا اور کراچی جو کہ اس وقت دارالحکومت تھا وہاں اپنا سفارتخانہ کھولا تھا۔ اسی طرح سرکاری طور پر پاکستان نے 1979 میں سب سے پہلے انقلاب ایران کی فتح کو تسلیم کیا تھا۔حسن نوریان نے کہا کہ پاکستان نہ صرف اچھا پڑوسی ہے بلکہ ایک اچھا رشتہ دار بھی ہے اور ایرانی قوم اس اہم پڑوسی کی شکرگزار ہے۔