سویڈن کے شہر فیگرستا کے ہائی اسکول میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں 18 سالہ نوجوان نے تلوار سے طلبہ پر حملہ کر دیا۔
حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آور کو فائرنگ کر کے زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے دو کم عمر لڑکے بھی شامل ہیں جن کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ ایک زخمی شخص کو اسپتال سے ڈسچارج کیا جا چکا ہے۔ مقامی میڈیا کا بتانا ہے کہ حملہ آور اسی اسکول کا سابق طالب علم تھا، اور اس سے قبل بھی اسے تشدد کے مقدمے میں سزا ہو چکی ہے۔پولیس نے حملہ آور کی گرفتاری کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا ہے، اور واقعے کی مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ یہ واقعہ اسکول میں سکیورٹی اور طلبہ کے تحفظ کے حوالے سے ایک بڑا چیلنج ہے۔