اسٹاک ہوم: جنوب مغربی سویڈن میں ایک فوجی تربیتی علاقے میں دھماکے کے نتیجے میں 7 سویڈش فوجی شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سویڈش ٹیلی ویژن کے مطابق زخمی ہونے والے فوجیوں میں سے 5 اہلکار انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں زیر علاج ہیں، تاہم ان کی حالت جان لیوا نہیں بتائی گئی۔ مسلح افواج کے مطابق زخمی اہلکاروں کو چھرے لگنے سمیت دیگر نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں جبکہ باقی دو فوجیوں کو نسبتاً معمولی زخم آئے۔متاثرہ تمام اہلکار مرد اور ان کی عمریں 20 سے 30 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
پرانے گولہ بارود کی صفائی کے دوران دھماکا
سویڈش میڈیا کے مطابق دھماکا کارلسبرگ قصبے کے قریب کرکس ملٹری ٹریننگ ایریا میں پیش آیا۔ رپورٹس کے مطابق اس وقت فوجی اہلکار پرانے گولہ بارود کی صفائی کے کام میں مصروف تھے۔تاہم سویڈش مسلح افواج نے تاحال دھماکے کی اصل وجہ کی تصدیق نہیں کی اور واقعے کی وجوہات کے حوالے سے حتمی بیان دینے سے گریز کیا ہے۔
پولیس کی تحقیقات جاری
واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کے مطابق امدادی عملہ، طبی ٹیمیں اور فوجی اہلکار موقع پر موجود ہیں اور زخمیوں کی امداد کے ساتھ ساتھ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے کارروائی جاری ہے۔پولیس اور مسلح افواج کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی دھماکے کی اصل وجہ اور اس سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے۔