لاہور: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں سرکاری اسکولوں میں بہترین کارکردگی پر "اسکول آف دی منتھ" اور "ٹیچر آف دی منتھ" ایوارڈز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکول آف دی منتھ کا انتخاب ڈسپلن، کلاس روم مینجمنٹ، لیب کی حالت، اور مجموعی معیار تعلیم کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ اسی طرح ٹیچر آف دی منتھ ایوارڈ ان اساتذہ کو دیا جائے گا جن کی کارکردگی، تدریسی معیار اور طلبا کی بہتری میں نمایاں کردار ہوگا۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے "آن ویل مونٹیسری اسکول پراجیکٹ" کے فوری آغاز کے لیے ضروری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔ اس منصوبے کا مقصد ابتدائی تعلیم کو جدید، ہمہ جہت اور بچوں کے لیے دلچسپ بنانا ہے۔
مزید برآں، اجلاس میں ایک اور اہم فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری اسکولوں میں طلبہ کے لیے وین یا بس سروس متعارف کروائی جائے گی تاکہ دور دراز کے علاقوں سے آنے والے بچوں کو اسکول تک آسان رسائی حاصل ہو۔وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے اسکول بس سروس کے حوالے سے جامع منصوبہ بندی اور تفصیلی پلان طلب کر لیا ہے تاکہ جلد از جلد اس سہولت کا آغاز ممکن بنایا جا سکے۔تعلیمی ماہرین اور والدین نے ان فیصلوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف اسکولوں کے درمیان مثبت مقابلے کا رجحان بڑھے گا بلکہ اساتذہ کی حوصلہ افزائی بھی ہو گی، اور معیارِ تعلیم میں واضح بہتری آئے گی۔