فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد پیش آنے والی جھڑپوں پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز پر 10 میچز کی پابندی اور 90 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ عائد کردیا ہے۔
اسی طرح، ناہوئل مولینا کو بھی 7 میچز کے لیے معطل کیا گیا ہے اور ان پر بھی 90 ہزار ڈالر جرمانہ لگایا گیا ہے۔فیفا ڈسپلنری کمیٹی کے مطابق، 19 جولائی کو نیو جرسی کے اسٹیڈیم میں اسپین اور ارجنٹائن کے مابین فائنل کے اختتام پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جن کی تحقیقات کے بعد یہ سزائیں دی گئی ہیں۔مزید برآں، تھیاگو الماڈا اور پابلو مارٹن پائز گاویرا کو ایک، ایک میچ کی پابندی اور 30 ہزار ڈالر جرمانہ لگایا گیا ہے، جبکہ ٹیم آفیشل روبرٹو آیالا کو 3 میچز کے لیے معطل کرکے 30 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر مختلف خلاف ورزیوں کے باعث مجموعی طور پر 3 لاکھ 21 ہزار امریکی ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ادارے کے مطابق، اے ایف اے کو غیر اسپورٹس مین رویے، ٹیم کی بدسلوکی، شائقین کی جانب سے امتیازی نعرے، اور سیکیورٹی قواعد کی خلاف ورزی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، ارجنٹائن کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے آئندہ دو ہوم میچز 50 فیصد تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ کھیلے، جن میں سے ایک میچ کی پابندی معطل کردی گئی ہے۔فیفا نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ جرمانے میں سے ایک لاکھ ڈالر امتیازی سلوک کے خاتمے کے اقدامات پر خرچ کیے جائیں، اور مزید ایک لاکھ ڈالر جرمانہ معطل رکھا جائے گا۔یہ کارروائی ڈسپلنری اور ایتھکس پراسیکیوٹر کی رپورٹ کی روشنی میں عمل میں لائی گئی ہے، اور فریقین کو فیصلہ کی وجوہات حاصل کرنے اور اپیل دائر کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ 19 جولائی کو کھیلے گئے اس فائنل میں اسپین نے ارجنٹائن کو ایک صفر سے شکست دے کر عالمی ٹائٹل جیتا تھا۔