فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران امریکا میں مختلف قومی ٹیموں اور بعض عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کی سخت سیکیورٹی تلاشی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
امریکا کے مختلف ایئرپورٹس سے سامنے آنے والی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں، جن میں سینیگال، ازبکستان اور جرمنی کی ٹیموں کو سخت سیکیورٹی چیکنگ سے گزرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔رپورٹس کے مطابق عراق اور ایران کی ٹیموں کو بھی ایئرپورٹس پر امیگریشن سے متعلق مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض کھلاڑیوں سے گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی گئی، جبکہ سپورٹ اسٹاف کے چند ارکان کو مبینہ طور پر ڈی پورٹ بھی کیا گیا۔سب سے پہلے سینیگال کی ٹیم کی ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں کھلاڑی ٹیم کی جرسیوں میں رن وے پر اپنے سامان کے ساتھ کھڑے نظر آئے، جبکہ سیکیورٹی اہلکار ان کی جانچ پڑتال کر رہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق یہ کارروائی ٹرمینل میں داخل ہونے سے قبل کی گئی۔اسی طرح ازبکستان کی ٹیم کی آمد پر بھی سراغ رساں کتوں اور جدید سیکیورٹی آلات کے ذریعے تلاشی لی گئی۔جرمنی کی قومی ٹیم کو بھی امریکی امیگریشن حکام کی سخت سیکیورٹی جانچ سے گزرنا پڑا۔
رپورٹس کے مطابق آئیوری کوسٹ کے خلاف میچ سے قبل ٹورنٹو روانگی کے دوران کھلاڑیوں کی تفصیلی چیکنگ کی گئی۔رپورٹس کے مطابق عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی قیادت میں ارجنٹینا کی ٹیم کو بھی جہاز میں سوار ہونے سے قبل سخت سیکیورٹی تلاشی سے گزرنا پڑا۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں میسی پہلے حیران دکھائی دیتے ہیں، تاہم بعد میں مسکراتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ ان مناظر پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی حیرت کا اظہار کیا اور سوال اٹھایا کہ عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کو بھی اس قدر سخت سیکیورٹی اقدامات کا سامنا کیوں کرنا پڑ رہا ہے۔