فیفا نے ورلڈ کپ کے دوران مبینہ ضابطہ خلاف ورزیوں پر ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن (اے ایف اے) اور متعدد کھلاڑیوں کے خلاف باضابطہ تادیبی کارروائی شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن اور بعض کھلاڑیوں پر عائد الزامات میں سب سے نمایاں انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل کے بعد فاکلینڈ جزائر سے متعلق سیاسی بینر لہرانا ہے، جس پر "لاس مالویناس ارجنٹائن کا حصہ ہیں" درج تھا۔فیفا کے مطابق کھیلوں کے مقابلوں کو سیاسی پیغام رسانی یا مظاہروں کے لیے استعمال کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ عالمی فٹبال تنظیم نے یاد دلایا کہ 2014 میں بھی اسی نوعیت کے بینر پر ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے دوران امتیازی نعروں، نامناسب اشاروں، میچوں کے تاخیر سے آغاز، سیکیورٹی پروٹوکول کی مبینہ خلاف ورزی، شائقین کی جانب سے میدان میں اشیاء پھینکنے اور دیگر غیر کھیلوں کے رویوں کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب اسپین اور ارجنٹائن کے درمیان فائنل کے بعد پیش آنے والے ہنگامے کے سلسلے میں بھی متعدد کھلاڑیوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا گیا ہے۔فیفا کے مطابق ارجنٹائن کے لیانڈرو پاریڈیس پر تین جبکہ نہویل مولینا پر دو الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں نہویل مولینا، تھیاغو المادا، ٹیم آفیشل رابرٹو ایالا اور اسپین کے گاوی پر غیر کھیلوں کے رویے کا ایک، ایک الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔فیفا کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دیا گیا ہے، جس کے بعد ڈسپلنری کمیٹی شواہد اور جوابات کا جائزہ لے کر حتمی فیصلہ سنائے گی۔