پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان سلمان علی آغا نے انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد ٹیم کی کارکردگی اور سینئر کھلاڑیوں کی فارم پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انگلینڈ نے ہمیں ہر شعبے میں آؤٹ کلاس کیا، اور ہم تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔سلمان علی آغا نے اعتراف کیا کہ ٹیم میں صلاحیت موجود ہے، لیکن میدان میں اپنے طے شدہ پلان پر عمل درآمد کرنے میں ٹیم بری طرح ناکام رہی۔انہوں نے انگلینڈ کی کنڈیشنز کے حوالے سے بتایا کہ یہاں ہمیں ہمیشہ سخت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور صرف ایک ہفتہ قبل دورہ شروع کرنے کی وجہ سے حالات سے مطابقت پیدا کرنا ہمارے لیے کافی نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت ایک مشکل ری بلڈنگ مرحلے سے گزر رہے ہیں، اور بولنگ اٹیک نوجوان اور کم تجربہ کار ہے، جس کے باعث ہم مستقبل کے لیے تیار ہو رہے ہیں۔
سلمان علی آغا نے اعتراف کیا کہ ان، محمد رضوان اور سعود شکیل کے بلے سے رنز نہیں بن رہے، جو ٹیم کے لیے ایک بڑی پریشانی ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ بابر اعظم اگلے میچ کے لیے مکمل فٹ ہو کر ٹیم میں واپس آئیں گے۔آخر میں انہوں نے زور دیا کہ ہمیں غیر ملکی سرزمین پر ہونے والی سیریز میں اپنی کارکردگی کے معیار کو بہتر بنانا ہوگا کیونکہ موجودہ صورتحال تسلی بخش نہیں ہے۔