سلمان علی آغا نے بابر اعظم کو فلمی ہیرو قرار دے دیا

سلمان علی آغا نے بابر اعظم کو فلمی ہیرو قرار دے دیا

قومی ٹی 20 ٹیم کے کپتان آغا سلمان نے اپنے ساتھی کھلاڑیوں کو فلمی کرداروں میں ڈھال کر دلچسپ انداز میں اپنی ترجیحات بیان کیں۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں آغا سلمان نے بتایا کہ اگر وہ کوئی فلم بنائیں تو بابر اعظم کو اس کا ہیرو منتخب کریں گے۔آغا سلمان کے مطابق، حارث رؤف ولن کے کردار کے لیے بہترین انتخاب ہوں گے، جب کہ حسن علی اپنی مزاحیہ طبیعت کی وجہ سے کامیڈی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ناکام عاشق کے رول کے لیے انہوں نے عبداللہ شفیق کو موزوں قرار دیا، جبکہ فخر زمان کو وہ فلم کے سنگر کے طور پر لینا چاہیں گے۔دلچسپ گفتگو کے دوران آغا سلمان نے انکشاف کیا کہ اگر وہ کرکٹر نہ ہوتے تو بزنس مین ہوتے۔

 انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر انہیں کوئی جادوئی طاقت مل جائے تو وہ دنیا سے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو غائب کر دینا چاہیں گے۔اپنے چھپے ٹیلنٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے آغا سلمان نے بتایا کہ وہ اچھی شاعری کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے اپنا ایک ذاتی شعر بھی سنایا:"منتظر میرے زوال کے ہیں،میرے اپنے بھی کمال کے ہیں"مداحوں نے آغا سلمان کے اس انوکھے انداز اور مزاحیہ انتخاب کو خوب سراہا ہے، اور سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔