قومی ٹی20 کرکٹ ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کی ناقص کارکردگی اور ایشیا کپ میں مایوس کن بیٹنگ کے بعد اُن کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلیکٹرز نے آئندہ ٹی20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے سلمان علی آغا کی جگہ ممکنہ متبادل کپتان اور بیٹنگ لائن میں بہتری کے لیے نئے کھلاڑیوں پر غور شروع کر دیا ہے۔سلمان علی آغا نے ایشیا کپ کی 7 اننگز میں صرف 72 رنز بنائے، ان کی بیٹنگ اوسط 12 اور اسٹرائیک ریٹ 80 رہا۔ اہم مواقع پر وکٹیں گنوانے اور میچ کا رخ موڑنے میں ناکامی کے باعث اُنہیں شائقین اور سابق کرکٹرز کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ٹی20 اور ون ڈے سیریز کے لیے ٹیم میں 2 سے 3 تبدیلیاں متوقع ہیں۔ ان تبدیلیوں میں سینئر کھلاڑیوں کی واپسی اور کچھ نئے باصلاحیت نوجوانوں کی شمولیت کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کی جانب سے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ جاری ہے، اور آئندہ چند روز میں نئی اسکواڈ کا اعلان متوقع ہے۔