اسلام آباد: سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کی اسرائیلی حراست سے رہائی کے معاملے پر دفترِ خارجہ نے اہم پیشرفت سے آگاہ کر دیا ہے۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان کی وزارتِ خارجہ اردن کے دارالحکومت عمّان میں موجود پاکستانی سفارت خانے کے ذریعے سابق سینیٹر کی بحفاظت واپسی کے لیے انتھک کوششیں کر رہی ہے۔ترجمان نے بتایا کہ برادر ملک اردن کی حکومت کے قیمتی تعاون سے اس عمل میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے اور امید ہے کہ یہ معاملہ آئندہ چند روز میں کامیابی سے مکمل ہو جائے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ حکومتِ پاکستان اردن کی مثالی حمایت اور تعاون پر تہہ دل سے شکر گزار ہے، جس نے اس نازک مرحلے میں پاکستان کی مدد کی۔
پس منظر
واضح رہے کہ جماعتِ اسلامی کے رہنما اور سابق سینیٹر مشتاق احمد خان غزہ کی جانب روانہ ہونے والے "گلوبل صمود فلوٹیلا" نامی انسانی ہمدردی کے قافلے میں شامل تھے۔یہ قافلہ غزہ میں جاری انسانی بحران کے دوران محصور فلسطینیوں تک امداد پہنچانے کے مقصد سے روانہ ہوا تھا۔ تاہم، اسرائیلی فورسز نے سمندری حدود میں فلوٹیلا پر حملہ کر کے مشتاق احمد خان سمیت متعدد افراد کو حراست میں لے لیا تھا۔ذرائع کے مطابق قافلے میں شامل درجنوں کارکنان اور رضاکاروں کو بعد ازاں رہا کر دیا گیا، تاہم مشتاق احمد خان سمیت کچھ افراد اب بھی اسرائیلی حراست میں ہیں۔