پولیس گارڈ نے قبر پر سلامی دی، شہید کے اہلخانہ نے بھی تقریب میں شرکت کی
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کا شہدائے پولیس کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ شہید کنسٹیبل صفدر علی کی برسی کے موقع پر پولیس گارڈ نے شہید کی قبر پر حاضری دی، چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ تقریب میں شہید کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔ کنسٹیبل صفدر علی 21 اگست 1994 کو تھانہ لٹن روڈ کے علاقے میں پٹرولنگ ڈیوٹی پر تعینات تھے کہ اشتہاری ملزمان ایک رکشہ سوار شہری کو لوٹ رہے تھے۔ پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ کنسٹیبل صفدر علی نے فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک اشتہاری ملزم ہلاک ہوگیا۔ ملزمان کی فائرنگ سے کنسٹیبل صفدر علی شدید زخمی ہوئے اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ اس موقع پر ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد خالد سعید نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء محکمہ پولیس کا مان ہیں۔ پولیس فورس نے قیامِ امن اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہمیشہ مثالی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ شہداء کے لواحقین کو گھروں کی فراہمی، بچوں کے لیے سکالرشپس اور ملازمتوں سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد خالد سعید نے کہا کہ محکمہ پولیس زندگی کے ہر موقع پر شہداء کے لواحقین کے شانہ بشانہ موجود رہے گا۔ فرض کی راہ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔