لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کا شہداء پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق شہید کنسٹیبل محمد اشرف کی برسی کے موقع پر پولیس گارڈ نے شہید کی قبر پر حاضری دی۔ لاہور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی قبر پر سلامی پیش کی اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ تقریب میں شہید کے اہل خانہ بھی شریک تھے۔ کنسٹیبل محمد اشرف 7 اگست 2020 کو اے وی ایل ایس کینٹ تعینات تھے۔ بسلسلہ چوری شدہ گاڑیاں، پولیس ٹیم کے ہمراہ ضلع ننکانہ صاحب گاڑیوں کی چیکنگ میں مصروف تھے۔ مشکوک کیری ڈبہ کو رکنے کا اشارہ کیا تو سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس سے وہ شہید ہو گئے۔ ایس پی ہیڈ کوارٹر منزہ کرامت کے مطابق شہریوں کے تحفظ کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء محکمہ پولیس کا مان ہیں۔ محکمہ پولیس شہداء کے لواحقین کی فلاح کیلئے کوشاں ہے، گھروں کی فراہمی، بچوں کیلئے سکالرشپس و ملازمتوں کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔