لاہور(کرائم رپورٹر)آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کاہنہ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سی سی ڈی کانسٹیبل رزاق ڈوگر کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے واقعے میں زخمی ہونے والے سی سی ڈی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جلد صحت یابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہید اہلکار کی شہادت اور دیگر اہلکاروں کو زخمی کرنے میں ملوث ڈاکوؤں کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مفرور ملزمان کو پکڑنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید کانسٹیبل رزاق ڈوگر کی فیملی کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی دیکھ بھال اور ویلفیئر کو اولین ترجیح دی جائے گی۔