لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کی جانب سے شہدائے پولیس کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ دو پولیس شہداء کانسٹیبل محمد افضل اور کانسٹیبل زاہد مراد کی برسی کے موقع پر پولیس گارڈ نے ان کی قبور پر حاضری دی اور چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ایس پی ہیڈکوارٹر منزہ کرامت نے اس موقع پر کہا کہ کانسٹیبل محمد افضل اور زاہد مراد نے 13 مئی 1992ء کو موٹرسائیکل اسکواڈ میں تعیناتی کے دوران تھانہ شادمان کے علاقے میں پٹرولنگ ڈیوٹی سرانجام دیتے ہوئے ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کا تعاقب کیا، جس دوران ملزمان کی فائرنگ سے دونوں اہلکار جامِ شہادت نوش کر گئے.تھے۔شہداء کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ تقریب میں شہداء کے اہلخانہ نے بھی شرکت کی۔ ایس پی منزہ کرامت کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء محکمہ پولیس کا سرمایہ اور فخر ہیں جبکہ قیامِ امن کیلئے پولیس فورس کا کردار مثالی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس شہداء کے ورثا کی فلاح و بہبود کیلئے مسلسل کوشاں ہے اور لواحقین کو گھروں کی فراہمی، بچوں کیلئے اسکالرشپس اور ملازمتوں سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ محکمہ پولیس زندگی کے ہر موقع پر شہداء کے خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔