جعلی ڈکیتی کا ڈراپ سین، 2 کمپنی ملازم گرفتار

کمپنی کی رقم ہڑپنے کے لیے جھوٹی واردات کا ڈراما رچایا، 2لاکھ 30ہزار برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) تھانہ مغلپورہ کے علاقے میں گن پوائنٹ پر 2 لاکھ 30 ہزار روپے رابری کا ڈراپ سین ہوگیا، ایس ایچ او مغلپورہ عرفان سخاوت گجر نے کمپنی کی رقم ہڑپنے کے لیے 15 پر جھوٹی ڈکیتی کا ڈراما رچانے والے دونوں ملازمین کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک ملازم نے کمپنی کے پیسے اپنے دوسرے ساتھی کے حوالے کیے اور خود 15 پر گن پوائنٹ پر ڈکیتی کی جھوٹی کال کردی کہ وہ رقم لے کر جارہا تھا کہ دو نامعلوم مسلح افراد رقم چھین کر فرار ہوگئے۔ مغلپورہ پولیس نے تفتیش کی تو ملازم کے بیانات مشکوک نکلے اور وہ زیادہ دیر چکمہ نہ دے سکا۔ دوران تفتیش کالر ملازم نے اپنے ہی ساتھی ورکر کے ساتھ مل کر غبن کا اعتراف کرلیا، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان عبدلواحد اور عمر کو گرفتار کرکے رقم برآمد کرلی اور مقدمہ درج کرلیا۔