بانی کی صحت اور علاج پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر ڈرامہ رچایا ہے:اجلاس کا اعلامیہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن نے 27 ستمبر کا احتجاج اور لانگ مارچ برقرار رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔اعلامیہ کے مطابق اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں راجہ ناصر عباس، بیرسٹر گوہر علی خان، شاہد خٹک، اسد قیصر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور سلمان اکرم راجا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا، اپوزیشن رہنماؤں کا بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہنا تھا ان کی صحت اور علاج پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔اعلامیے میں حکومت پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر ڈرامہ رچایا ہے، اپوزیشن نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عدالتی فیصلے پر عملدرآمد نہ کرکے توہین عدالت کی مرتکب ہوئی ہے۔مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا سپریم کورٹ سے آج توہین عدالت کے معاملے پر رجوع کیا جائے گا، 27 ستمبر کو تحریک انصاف کے بھرپور احتجاج کا فیصلہ بھی برقرار رکھا گیا اور احتجاج و لانگ مارچ میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو شرکت کی دعوت دینے پر اتفاق کیا گیا۔اعلامیے میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔