پاکستان، چین اقتصادی تجارتی تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے:آصف زرداری

 دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہیں:چینی وفد سے ملاقات میں گفتگو
 اسلام آباد (یواین پی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے بالخصوص کاروباری روابط کو فروغ دینے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔جمعہ کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار چائنا افریقہ اینڈ ایشیا ٹریڈ اینڈ کوآپریشن پروموشن ایسوسی ایشن کی صدر ہاؤ یوئی جیائو سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے یہاں ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط کو فروغ دینے کی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔ ملاقات میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔