چین کیساتھ عوامی رابطے اور اقتصادی تعاون کو مزید و سیع کرنا ضروری ہے آصف زرداری

آئندہ سال ایس سی او سربراہی اجلاس کے لئے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں:صدر مملکت کی چین کے لئے پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی  سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آن لائن)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے  پاکستان اور چین کے درمیان سٹریٹجک باہمی اعتماد برقرار رکھنے اور مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلی سطح کے تبادلوں کا تسلسل، عوامی سطح پر روابط کا فروغ اور اقتصادی تعاون کو مزید و سیع کرنا ضروری ہے۔منگل کو ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار چین کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر ڈاکٹر سید علی اسد گیلانی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ چین کے ساتھ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سب سے اہم پہلو ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط سیاسی خیرسگالی کو مزید اقتصادی اور صنعتی تعاون میں تبدیل کرنے پر زور دیا۔ صدر مملکت نے  سی پیک 2.0 کے تحت بزنس ٹو بزنس تعاون پر توجہ کا خیرمقدم  اور  بالخصوص نوجوانوں کے لیے ہنرمندی کے فروغ اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے جدید زراعت، مصنوعی ذہانت اور نئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں  نے نامزد سفیر کو چینی حکومتی اداروں، کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی قیادت، تھنک ٹینکس، تعلیمی اداروں اور میڈیا کے ساتھ فعال روابط برقرار رکھنے اور عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے کی ہدایت کی جن میں طلبہ کے تبادلے بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ سال ایس سی او سربراہی اجلاس کے لیے صدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔