پاک چین تعلقات کے قیام کی75ویں سالگرہ کے موقع پر صدر زرداری کا شی جن پنگ کو خط، دوستی مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ کے نام خط میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صدر نے سی پیک کے دوسرے مرحلے میں مصنوعی ذہانت، قابلِ تجدید توانائی اور گرین مائننگ سمیت جدید شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔صدارتی سیکریٹریٹ کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے چین کے 77ویں قومی دن کے موقع پر اپنے مکتوب میں کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) دونوں ممالک کی روایتی دوستی اور ہمہ گیر اسٹریٹجک تعاون کی مضبوط علامت ہے۔ صدر نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ پاکستان اور چین کے لیے مصنوعی ذہانت، قابلِ تجدید توانائی اور گرین مائننگ کے شعبوں میں مشترکہ ترقی اور باہمی مفاد کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے گزشتہ 77 برسوں کے دوران چین کی معاشی اور سماجی ترقی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کروڑوں افراد کو غربت سے نکالنا چین کی ایک نمایاں کامیابی ہے۔ صدر زرداری نے چین کی جامع معاشی حکمت عملی، ’’نئے معیار کی پیداواری صلاحیتوں‘‘ اور عالمی امور میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔