پاکستان اور یمن میں تجارتی‘اقتصادی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان خطے کے قریبی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانا چاہتا ہے:وفاقی وزیر تجارت جام کمال کی سفیر سے گفتگو
اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان اور یمن نے تجارتی و اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفا ق کیا ہے ۔وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں  نے دوطرفہ تجارت اور اقتصادی تعاون مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں ادارہ جاتی تعاون کے فروغ اور رابطہ سازی بڑھانے پر  بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔یمنی سفیر نے پاکستان اور یمن کے درمیان تعلقات اور تجارتی روابط کو مزیدآگے بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت تقریبا تین سو یمنی طلبہ پاکستان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔یمنی سفیر نے دوطرفہ معاہدوں کو فعال کرنے اور ادارہ جاتی تعاون بڑھانے پر زور دیا۔وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال نے خطے کے قریبی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کیا۔