راولپنڈی: خاتون پر گھریلو تشدد سے ہلاکت اور تدفین کیس میں بڑا انکشاف

راولپنڈی: خاتون پر گھریلو تشدد سے ہلاکت اور تدفین کیس میں بڑا انکشاف

راولپنڈی کے تھانہ دھمیال کے علاقے میں تشدد سے جاں بحق ہونے والی خاتون ثمینہ کے کیس کی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

 پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم عامر عباس نے دورانِ تفتیش اپنی اہلیہ پر تشدد کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔ملزم نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ جھگڑے کے دوران اس نے اہلیہ پر شدید تشدد کیا اور اسی دوران ثمینہ کا سر بستر سے ٹکرا کر گہری چوٹ آئی۔ سر پر گہری چوٹ لگنے کے باوجود بھی اس نے اہلیہ کو تشدد کا نشانہ بنانا جاری رکھا، جس کے نتیجے میں اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔ بعدازاں ملزم نے بیٹے کے ساتھ مل کر ثمینہ کو اسپتال منتقل کیا۔تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ واقعے کے وقت مقتولہ کا بیٹا محمد زمان گھر پر موجود نہیں تھا۔

 پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف اس سے قبل بھی ایک مقدمہ درج ہوچکا ہے جو عدالت میں زیرِ سماعت ہے، جس میں مقتولہ، اس کا خاوند اور بیٹا نامزد ملزمان ہیں۔پولیس نے مزید بتایا کہ ملزم عامر عباس کو بیٹے سمیت کل دوبارہ علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں تفتیش میں حاصل پیش رفت کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔دوسری جانب پولیس نے مقدمے کی تحقیقات کے لیے ایک 6 رکنی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے جو کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔