خیبر کی تحصیل باڑہ میں مبینہ گھریلو تشدد کا نشانہ بننے والی ایک غیر ملکی خاتون کو پولیس نے بازیاب کرا لیا ہے۔
سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کے مطابق 54 سالہ فرانسیسی خاتون کے حوالے سے اطلاع ملنے پر 18 جون کو پولیس نے گھر پر چھاپہ مارا، جہاں انہیں مبینہ طور پر تشدد اور بدسلوکی کا سامنا تھا۔پولیس حکام کے مطابق متاثرہ خاتون نے ایک پاکستانی شہری سے شادی کی تھی اور وہ 2014 سے خیبر کے علاقے باڑہ میں مقیم تھیں۔ ابتدائی بیان میں خاتون نے الزام عائد کیا کہ انہیں شوہر کی جانب سے مبینہ طور پر بدسلوکی کا سامنا تھا اور انہیں گھر سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جاتی تھی۔
حکام کے مطابق خاتون اور ان کے چار بچوں کو حفاظتی تحویل میں لے کر پشاور منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ انہوں نے وطن واپسی یعنی فرانس جانے کی خواہش ظاہر کی ہے۔سی سی پی او نے مزید بتایا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، اور فارن آفس کے ذریعے فرانسیسی سفارت خانے کو بھی باضابطہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔ متاثرہ خاتون کے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل شواہد اور تفتیش کے بعد آگے بڑھائی جائے گی۔