راولپنڈی: خاوند کے مبینہ تشدد سے ہلاک خاتون کی خاموش تدفین کی کوشش ناکام

راولپنڈی: خاوند کے مبینہ تشدد سے ہلاک خاتون کی خاموش تدفین کی کوشش ناکام

تھانہ دھمیال کے علاقے گرجا میں مبینہ طور پر خاوند کے تشدد سے جاں بحق ہونے والی خاتون کی خاموشی سے تدفین کی کوشش لواحقین کے شک پر ناکام ہوگئی۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق 10 اگست کو گرجا روڈ سے ثمینہ نامی خاتون کو خاوند اور بیٹے نے اسپتال منتقل کیا اور بتایا کہ وہ سیڑھیوں سے گر کر زخمی ہوئی ہے۔ چار روز تک زیرِ علاج رہنے کے بعد 14 اگست کو وہ دم توڑ گئی۔پولیس کے مطابق اہل خانہ لاش کو تابوت میں بند کر کے خاموشی سے کوٹ ادو لے گئے تاکہ تدفین کی جا سکے، مگر غسل کے دوران رشتہ داروں نے جسم پر تشدد کے نشانات دیکھ کر شک ظاہر کیا۔ جس پر لواحقین نے لاش واپس راولپنڈی منتقل کر دی اور پولیس کو اطلاع دی۔سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے واقعے کا نوٹس لیا، دھمیال پولیس نے پوسٹمارٹم کرایا اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔