راولپنڈی کے علاقے اصغر مال میں 12 سالہ گھریلو ملازمہ اقرا پر مبینہ تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق، اقرا کو تشویشناک حالت میں ہولی فیملی اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں دورانِ علاج وہ جانبر نہ ہو سکی۔ بچی کے ہاتھ، پاؤں، چہرے اور سر پر تشدد کے نشانات پائے گئے۔پولیس نے مالک مکان راشد شفیق اور اس کی بیوی کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قتل سمیت سات مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق، تشدد کا واقعہ چار سے پانچ روز قبل پیش آیا، اور بچی کو تین دن تک گھر میں رکھنے کے بعد حالت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس دوران، ملزمان اسپتال میں بچی کو چھوڑ کر فرار ہو گئے۔مزید تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اقرا کے والد کا ایک ماہ قبل انتقال ہو چکا ہے، اور اس کی والدہ عدت میں ہیں۔ اقرا راشد شفیق کے گھر ملازمہ کے طور پر کام کرتی تھی، جو ایک گارمنٹس شاپ پر ملازمت کرتا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔