راولپنڈی کے ایک نجی اسپتال میں دورانِ زچگی نومولود بچے کی پراسرار ہلاکت پر شدید کشیدگی پھیل گئی ہے۔
لواحقین اور ہسپتال انتظامیہ کے درمیان الزامات، احتجاج اور تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔پولیس کے مطابق، خاتون مریضہ آرم کھوکھر کو سیدپور روڈ پر واقع قاسمی سرج انٹرنیشنل اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں ڈاکٹر سبین کی نگرانی میں آپریشن کیا گیا۔ بعدازاں، ہسپتال انتظامیہ نے اطلاع دی کہ بچہ مردہ پیدا ہوا ہے۔ تاہم، جب اہل خانہ نے نومولود کو دیکھا تو ان کے سر اور گردن پر زخم کے نشان موجود تھے، جس پر انہوں نے فوری طور پر اسپتال انتظامیہ سے وضاحت طلب کی۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ مسلسل یہی کہہ رہی ہے کہ بچہ مردہ پیدا ہوا، لیکن انہوں نے مبینہ غفلت اور حقائق چھپانے کا الزام لگا کر احتجاج شروع کر دیا۔ اس دوران، پولیس کے ایس ایچ او بنی ارسلان یاسین نے پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔
بچے کے والد نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ دورانِ زچگی طبی غفلت کے باعث نومولود کی جان گئی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ درخواست وصول کر لی گئی ہے اور ابتدائی رپورٹ درج کرنے کے بعد معاملہ ہیلتھ کیئر پنجاب کو بھیج دیا جائے گا۔ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ اور تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔