راولپنڈی: شادی شدہ بہن کے مبینہ قتل اور خاموشی سے تدفین پر بھائی اور والد گرفتار

راولپنڈی: شادی شدہ بہن کے مبینہ قتل اور خاموشی سے تدفین پر بھائی اور والد گرفتار

راولپنڈی: کہوٹہ میں شادی شدہ خاتون کو مبینہ طور پر چھری کے وار سے زخمی کرنے کے بعد قتل کرنے اور خاموشی سے تدفین کرنے کے معاملے میں پولیس نے مقتولہ کے بھائی اور والد کو گرفتار کر لیا۔

 واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے شوہر کی مدعیت میں درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔پولیس کے مطابق تھانہ کہوٹہ کی حدود میں پیش آنے والے واقعے میں راضیہ اظہر کو سال 2025 کے دوران اپنے والدین کے گھر جانے پر مبینہ طور پر اس کے بھائی احسان اظہر نے پیٹ میں چھری مار کر شدید زخمی کر دیا تھا۔ خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ طویل عرصے تک زیر علاج رہی، تاہم مبینہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔مقتولہ کے شوہر سعید اختر نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کی اہلیہ والدین کے گھر گئی ہوئی تھی جہاں اس کے بھائی احسان اظہر نے اسے قتل کرنے کی نیت سے چھری کے وار کر کے شدید زخمی کیا۔ ان کے مطابق خاتون کے والدین نے اسے اسپتال میں داخل کروایا، جہاں وہ تقریباً ایک سال تک زیر علاج رہی، لیکن بالآخر انہی زخموں کے باعث اس کی موت واقع ہوگئی۔مدعی کا کہنا تھا کہ اہلیہ کے اہل خانہ نے اسے اطلاع دیے بغیر تدفین بھی کر دی۔ اسے شبہ ہے کہ اس کی بیوی کو اس کے بھائی نے جان بوجھ کر شدید زخمی کیا تھا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکی۔

شوہر نے درخواست میں اپنے سالے احسان اظہر کے خلاف قتل اور سسر اظہر زمان کے خلاف جرم چھپانے کی کارروائی کی استدعا کی۔ پولیس نے درخواست پر قتل اور شواہد چھپانے سے متعلق دفعات 302 اور 201 تعزیراتِ پاکستان کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے بھائی احسان اظہر اور والد اظہر زمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ بھائی پر بہن کو مبینہ طور پر چھری کے وار سے زخمی کرنے جبکہ والد پر واقعے اور جرم کو چھپانے کا الزام ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ اور مدعی کی شادی پسند کی تھی۔ ابتدا میں اہل خانہ اس رشتے پر رضامند نہیں تھے، تاہم بعد ازاں معاملات طے پا گئے اور دونوں خاندانوں کے درمیان میل جول بھی معمول کے مطابق جاری رہا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک روز خاتون اپنے والدین کے گھر گئی تو بہن بھائی کے درمیان کسی بات پر تلخی ہوئی، جس کے بعد بھائی نے مبینہ طور پر اس پر چھری سے وار کیا۔

مقتولہ کے شوہر کے مطابق دونوں خاندانوں کے درمیان برادری کا فرق بھی تنازعے کی وجہ تھا اور ان کی اہلیہ ایک سال سے زائد عرصے سے والدین کے گھر مقیم تھی۔ وہ اس دوران اپنی اہلیہ کی عیادت کے لیے اسپتال بھی جاتے رہے۔