چین میں وزیراعظم شہباز شریف اور نریندر مودی کی ملاقات طے نہیں: دفتر خارجہ

چین میں وزیراعظم شہباز شریف اور نریندر مودی کی ملاقات طے نہیں: دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں واضح کیا ہے کہ چین میں وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان کسی ملاقات کا کوئی امکان یا شیڈول موجود نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کل بنگلا دیش کے دورے پر روانہ ہوں گے، جس کے مثبت اثرات خطے میں دہشت گردی کے خاتمے اور تجارت کے فروغ کی صورت میں سامنے آئیں گے۔ترجمان نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کا حالیہ دو روزہ سرکاری دورہ پاکستان کامیابی سے مکمل ہوا۔ اسلام آباد میں چھٹا پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ منعقد کیا گیا، جس میں سی پیک فیز ٹو، سرمایہ کاری، تجارت اور توانائی کے تعاون سمیت کئی امور پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر افغانستان، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور انسداد دہشت گردی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان نے چین کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا اور کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت پر چین کی حمایت کو سراہا۔ ملاقاتوں میں دفاعی تعاون، تعلیم اور ثقافتی تبادلوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان کا سہ فریقی اجلاس ہوا جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، چینی ہم منصب وانگ ای اور افغان وزیر خارجہ شریک ہوئے۔ اجلاس میں سیاسی، اقتصادی اور سلامتی تعاون کے علاوہ سرحدی سلامتی اور دہشت گردی کے خطرات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ سہ فریقی تعاون کے تحت سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تعلیم، صحت، عوامی روابط بڑھانے اور منشیات و اسمگلنگ کے خاتمے پر بھی زور دیا گیا۔ پاکستان نے افغان عوام کی فلاح اور امن عمل میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ چین نے افغانستان کی تعمیر نو اور ترقی میں کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔

ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے 17 اگست سے برطانیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے برطانوی سیکرٹری برائے جنوبی ایشیا، ہمیش فالکنر سے ملاقات کی اور لینڈ ریکارڈ و پاسپورٹ سے متعلق دو نئی خدمات کا افتتاح بھی کیا۔آخر میں شفقت علی خان نے ایک بار پھر دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ چین میں وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان کسی ملاقات کا کوئی پروگرام طے نہیں ہے۔