لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور پولیس نے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق شہید ہیڈ کنسٹیبل منصور علی کی برسی کے موقع پر پولیس گارڈ نے شہید کی قبر پر حاضری دی۔ چاق و چوبند دستے نے قبر پر سلامی پیش کی اور فاتحہ خوانی کی۔ہیڈ کنسٹیبل منصور علی 21 اگست 1994 کو تھانہ لٹن روڈ تعینات تھے۔ اشتہاری مجرمان کی ڈکیتی کے دوران ہونے والی فائرنگ کے تبادلے میں وہ شہید ہو گئے جبکہ پولیس کی فائرنگ میں ایک اشتہاری مجرم بھی مارا گیا۔ایس پی ہیڈ کوارٹر منزہ کرامت کے مطابق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء محکمہ پولیس کا مان ہیں۔ شہداء کے ورثا کے لیے گھروں، سکالرشپس اور ملازمتوں کی فراہمی سمیت ہر ممکن اقدامات جاری ہیں، اور محکمہ پولیس ہر موقع پر ورثا کے شانہ بشانہ موجود رہے گا۔