یادگار تقریب، خصوصی ڈاکیومنٹری جاری، اہل خانہ نے جذباتی تاثرات دیے
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے یوم شہداء پولیس کے موقع پر پولیس کے بہادر اور جانثار شہداء کو بھرپور خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سیف سٹی ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پْروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تقریب میں ڈپٹی آپریشن کمانڈر آئی سی تھری، تمام یونٹس کے سربراہان اور پولیس کمیونیکیشن افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہدائکی یاد میں خاموشی اختیار کی گئی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ یوم شہداء کے سلسلے میں پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے خصوصی دستاویزی فلم بھی جاری کی، جس میں پولیس کے ان سپوتوں کی لازوال قربانیوں کو اجاگر کیا گیا جنہوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں۔ فلم میں شہداء کے اہل خانہ، بچوں اور والدین کے تاثرات شامل کیے گئے، جنہوں نے اپنے پیاروں کی قربانیوں پر فخر کا اظہار کیا۔ شہداء کے کئی بچے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پولیس فورس کا حصہ بننے کے لیے پْرعزم ہیں۔ افسران کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس کے جانباز سپوتوں کی قربانیوں نے محکمہ کی عزت، وقار اور اعتماد میں اضافہ کیا۔ شہداء پولیس قوم
کا سرمایہ اور فخر ہیں، ان کی قربانیوں کو آئندہ نسلوں تک منتقل کیا جائے گا۔