450 خواتین کالجز میں سہولت مرحلہ وار فراہم کی جائے گی
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے طالبات کے تحفظ کے لیے کالجز میں پینک بٹن کی تنصیب کا آغاز کر دیا ہے۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق ابتدائی مرحلے میں لاہور کے 39 خواتین کالجز اور یونیورسٹیوں میں پینک بٹن نصب کر دیے گئے ہیں۔ پنجاب بھر کے 450 خواتین کالجز میں یہ سہولت مرحلہ وار فراہم کی جائے گی تاکہ ہنگامی صورتحال میں طالبات فوری پولیس مدد حاصل کر سکیں۔پینک بٹن دبانے پر اطلاع فوری طور پر سیف سٹیز کنٹرول روم کو موصول ہوگی اور ورچوئل ویمن پولیس اسٹیشن فوری کارروائی کرے گا۔ پہلے سے پنجاب کے 101 اور لاہور کے 122 اہم مقامات پر پینک بٹن موجود ہیں، تاکہ شہری موبائل فون نہ ہونے کی صورت میں بھی ہنگامی مدد حاصل کر سکیں۔ یہ اقدام طالبات کی پرائیویسی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، اور پنجاب حکومت کی محفوظ تعلیمی ماحول کے لیے نمایاں پیش رفت ہے۔