لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ پر 80 ہزار کیو آر پینک بٹن نصب

 لاہور(کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر لاہور میں پبلک ٹرانسپورٹ، رکشوں اور آن لائن کیبز میں QR پینک بٹن کی تنصیب جاری ہے اور اب تک 80 ہزار گاڑیوں پر یہ سہولت فراہم کی جاچکی ہے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک ٹیمیں QR پینک بٹن نصب کررہی ہیں، جبکہ ہر ٹریفک سیکٹر میں ٹیم کے علاوہ رکشوں کے لیے 12 علیحدہ ٹیمیں بھی مختص ہیں۔ خواتین QR کوڈ اسکین کرکے ہراسانی یا ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے رابطہ کرسکتی ہیں۔ مختلف رکشہ یونینز کے مطالبے پر چار نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ سی ٹی او کے مطابق سیفٹی اور سکیورٹی فیچرز اختیار نہ کرنے والی آن لائن کیب سروسز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ جدید ٹریکنگ سسٹم سے مسافروں اور ڈرائیورز کی مانیٹرنگ مزید مؤثر بنائی گئی ہے