حکومت اور اقتدار مستقل نہیں، آنے جانے والی چیزیں ہیں، حکومت سب سے نازک ذمہ داری ہے جو ہاتھوں سے ریت کی طرح پھسلتی ہے، پنجاب میں صرف میرٹ کی حکمرانی ہے
یہ صرف بچیوں اور بیٹیوں کا ہی نہیں‘ بیٹوں اور مردوں کا بھی دور ہے، پنجاب اور پاکستان کی بیٹیوں نے اڑھائی سال کے دوران جتنی ترقی کی ہے، اس سے پہلے کبھی اتنی ترقی نہیں کی
کسی بھی حکومت کیلئے شرم کا مقام ہے قابل بچے وسائل نہ ہونے پر تعلیم سے محروم رہیں،سکالرشپ اور لیپ ٹاپ حکومت کا احسان نہیں محنت کا صلہ ہیں: چکوال یونیورسٹی میں خطاب
چکوال(آئی این پی‘یو این پی )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے حکومت سب سے نازک ذمہ داری ہے جو ہاتھوں سے ریت کی طرح پھسلتی ہے، پنجاب میں اب صرف میرٹ کی حکمرانی ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جو اپنے بچوں کی محنت کا بھرپور صلہ دیتا ہے، کسی بھی حکومت کے لئے شرم کا مقام ہے کہ قابل بچے وسائل نہ ہونے پر تعلیم سے محروم رہیں۔چکوال یونیورسٹی میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سکالرشپ اور لیپ ٹاپ کسی حکومتی احسان کے طور پر نہیں بلکہ محنت کا صلہ ہیں، چکوال میں دو جدید سکول آف ایمیننس تعمیر کیے گئے ہیں، غربت اور وسائل کی کمی ملکی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، چکوال کی ترقی کیلئے پہلے سے بھی زیادہ محنت سے کام کروں گی۔انہوں نے بچیوں کو بتایا کہ لیپ ٹاپ سکیم میں خیبرپختونخوا کا حصہ بھی رکھا گیا ہے، قابلیت کی حوصلہ افزائی کے ل لئے کسی صوبے کی کوئی حد بندی نہیں ہوگی، لیپ ٹاپ اور سکالرشپس کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کے لئے بڑی نعمت ہیں، میری بھرپور کوشش ہے کہ پنجاب کا کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے، اب محض ڈگری کا وقت گزر گیا، موجودہ دور جدید سکلز کا ہے۔وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہور جیسی جدید گرین بسیں اور بس سٹینڈز پنجاب کے تمام اضلاع میں بنائے گئے، میرے دل میں زیادہ جگہ چھوٹے شہروں کے لئے ہے جو سہولتوں سے محروم رہے، وسائل کی کمی کا سامنا مجھے بھی ہے، فنڈز سوچ سمجھ کر لگانے پڑتے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ جب کوئی ظلم کے خلاف مریم نواز کو یاد کرتا ہے تو محسوس ہوتا ہے کہ فرض ادا ہوگیا۔ موجودہ دور مائوں، بہنوں اور بیٹیوں کی ترقی اور خودمختاری کا دور ہے، میری خواہش ہے کہ تمام بیٹیوں کو گھر اور باہر محفوظ ماحول میسر ہو۔انہوں نے کہا کہ ہراسانی کے واقعات کی فوری رپورٹنگ کے لئے جدید سیفٹی ایپ متعارف کرائی گئی ہے، جبکہ ہراسانی کا سامنا کرنے والی بچیوں کے تحفظ کے لیے پنک بٹن بھی فعال کر دئیے گئے ہیں۔ مریم نواز شریف نے خواتین کو ہراسانی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے متعارف کرائے گئے پنک بٹن پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیویوں سے مار یا ڈانٹ کھانے والے مردوں کے لیے بھی بلیک بٹن ہونے چاہئیں۔یہ صرف بچیوں اور بیٹیوں کا ہی نہیں بلکہ بیٹوں اور مردوں کا بھی دور ہے۔تاہم پنجاب اور پاکستان کی بیٹیوں نے گزشتہ ڈھائی سال کے دوران جتنی ترقی کی ہے، اس سے پہلے کبھی اتنی ترقی نہیں کی