لاہور سمیت مختلف اضلاع کی بسوں، رکشوں اور ٹیکسیوں میں کیو آر پینک بٹن نصب

 لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب کے محفوظ پنجاب وڑن کے تحت صوبے بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مزید محفوظ بنانے کے لیے "سی ایم پنجاب کیو آر پینک بٹن" کی تنصیب کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں لاہور سمیت مختلف اضلاع کی بسوں، ویگنوں، رکشوں اور ٹیکسیوں میں کیو آر پینک بٹن نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو سفر کے دوران فوری حفاظتی سہولت میسر آ سکے۔ترجمان سیف سٹی کے مطابق شہری پبلک سیفٹی ایپ اور سیف سٹی ویب سائٹ کے ذریعے گھر بیٹھے مفت کیو آر پینک بٹن حاصل کر سکتے ہیں۔ سیف سٹی، ٹریفک پولیس، ضلعی پولیس اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی جانب سے اس جدید نظام کے حوالے سے آگاہی مہم بھی جاری ہے، جس کے تحت شہریوں اور ٹرانسپورٹرز کو اس کے استعمال اور فوائد سے متعلق معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مسافر کیو آر پینک بٹن اسکین کرکے فوری طور پر پولیس اور سیف سٹی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ سسٹم کے فعال ہوتے ہی مسافر کی لائیو لوکیشن اور متعلقہ گاڑی کا ڈیٹا فوری طور پر سیف سٹی کنٹرول روم کو موصول ہو جائے گا، جس کے بعد پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کے ذریعے بروقت رسپانس یقینی بنایا جائے گا۔/ترجمان سیف سٹی کا کہنا ہے کہ کیو آر پینک بٹن سسٹم خواتین، طلبہ، بزرگ شہریوں اور روزانہ سفر کرنے والے لاکھوں مسافروں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کی پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید ڈیجیٹل سیفٹی نیٹ ورک میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور پْرسکون سفری ماحول فراہم کیا جا سکے۔