ملک میں مون سون بارشوں کا نواں اسپیل جاری ہے، جو آئندہ دو روز تک مزید رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ پیشگوئی کے مطابق 6 ستمبر سے جنوبی پنجاب اور جنوبی سندھ میں بھی بارشوں کا آغاز ہو سکتا ہے۔
لاہور کا موسم
صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جہاں بادل اور سورج دن بھر آنکھ مچولی کھیلتے رہیں گے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا ہے تاہم بعض ماہرین کے مطابق آج بارش کے امکانات کم ہیں۔شہر میں موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 اور کم سے کم 24 ڈگری رہنے کی پیشگوئی ہے۔ ہوا کی رفتار 6 سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ نمی کا تناسب 94 فیصد تک پہنچ چکا ہے، جس کے باعث موسم گرم اور مرطوب ہے، تاہم بادلوں کے باعث موسم جزوی طور پر خوشگوار رہنے کا امکان ہے۔
کراچی کی صورتحال
کراچی میں موسم گرم اور مرطوب ہے، جہاں موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری جبکہ محسوس ہونے والا درجہ حرارت 35 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 70 سے 94 فیصد کے درمیان ہے جس کے باعث شدید حبس کی کیفیت ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں بارش کے امکانات بہت کم ہیں۔ ہوائیں جنوب مغرب سمت سے 6 سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔ کم سے کم درجہ حرارت 24 سے 28 ڈگری کے درمیان رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ندی نالوں اور ڈیمز کی صورتحال
مون سون بارشوں کے باعث دریاؤں میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے۔ ہیڈ پنجند کے مقام پر دریائے راوی، چناب اور ستلج کے سیلابی ریلوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر مختلف ڈیمز میں پانی کی سطح بھی بلند ہو رہی ہے۔ تربیلا ڈیم 1549 فٹ کی سطح تک بھر چکا ہے، جبکہ منگلا ڈیم 87 فیصد بھر گیا ہے اور پانی کی سطح 1228 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ خانپور ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 1979 فٹ، سملی ڈیم میں 2315 فٹ اور راول ڈیم میں 1751 فٹ تک پہنچ گیا ہے۔