پنجاب میں مون سون بارشوں کا 11واں اسپیل شروع، متعدد شہروں میں طغیانی کا خدشہ

پنجاب میں مون سون بارشوں کا 11واں اسپیل شروع، متعدد شہروں میں طغیانی کا خدشہ

محکمہ موسمیات نے آج سے پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

 ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون بارشوں کا 11واں اسپیل 19 ستمبر تک جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرانوالہ، لاہور، گجرات اور سیالکوٹ میں متوقع ہے، جبکہ نارووال، حافظ آباد، منڈی بہاالدین، اوکاڑہ، ساہیوال، قصور، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشیں برسنے کا امکان ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا کہ 18 اور 19 ستمبر کے دوران راولپنڈی، مری اور گلیات کے ندی نالوں میں بہاؤ بڑھنے کا خدشہ ہے، جس سے نشیبی علاقوں میں طغیانی کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام اداروں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دریاؤں اور ندی نالوں کے کنارے اکٹھے ہونے یا سیر و تفریح سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ آندھی اور طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر رہیں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ ایمرجنسی کی صورت میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔