وزیرِاعلیٰ پنجاب نے رنگ روڈ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ کو ازسرِنو شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو جدید سہولیات اور خوشنما ماحول فراہم کرنے کے لیے منصوبے کو بروقت مکمل کیا جائے۔
اس منصوبے کو دو فیزز میں تقسیم کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، پہلے فیز میں نیازی چوک سے ہربنس پورہ تک بیوٹیفکیشن کا کام کیا جائے گا۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو ملک صہیب احمد بھرتھ کو ٹاسک سونپا گیا ہے۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور رنگ روڈ اتھارٹی پہلے فیز کے کام کی تکمیل کی ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پی ایچ اے بھی منصوبے میں شریک ہوں گی۔پروجیکٹ کے تحت رنگ روڈ کے اطراف کی تزئین و آرائش کے لیے کئی اقدامات کیے جائیں گے، جن میں سڑک کے کناروں پر نصب لائٹس کو 100 فیصد فعال بنانا، رہنمائی کے سائن بورڈز کو ری ڈیزائن کرنا اور اطراف کی عمارتوں کو خوبصورت رنگوں سے پینٹ کرنا شامل ہے۔
مزید برآں، شجرکاری مہم کے تحت رنگ روڈ کے کناروں پر مقامی اور سدا بہار پودے لگائے جائیں گے تاکہ ماحول مزید خوشنما اور دلکش بنایا جا سکے۔حکومت نے منصوبے کی مالی ضروریات پوری کرنے کے لیے اسپانسرز سے معاونت حاصل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کے دوسرے فیز میں ہربنس پورہ سے اڈا پلاٹ تک بیوٹیفکیشن کا کام مکمل کیا جائے گا۔حکام کے مطابق، رنگ روڈ بیوٹیفکیشن پروجیکٹ نہ صرف شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کرے گا بلکہ شہر کی خوبصورتی اور مجموعی ماحول کو بھی بہتر بنائے گا۔