وزیراعظم سے ڈی پی ورلڈ کے چیئرمین کی ملاقات، سرمایہ کاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق

وزیراعظم سے ڈی پی ورلڈ کے چیئرمین کی ملاقات، سرمایہ کاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق

ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دبئی میں ورلڈ گورنمنٹس سمٹ کے موقع پر ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور سی ای او سلطان احمد بن سلیم سے ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور سرمایہ کاری کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیرِاعظم نے ڈی پی ورلڈ کے وفد کے حالیہ کامیاب دورۂ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سرمایہ کاری کے اشتراک میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے اقدامات دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔وزیراعظم نے پاکستان میں ڈی پی ورلڈ کی سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے، لاجسٹکس اور تجارت کے بنیادی ڈھانچے میں ان کے تعاون کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کے ذریعے سرمایہ کاری کے عمل کو مزید آسان اور شفاف بنا دیا ہے، جس سے پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش مقام بن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی محل وقوع ڈی پی ورلڈ کے لیے جبل علی بندرگاہ جیسے کامیاب منصوبوں کی طرز پر اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کے لیے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔

ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین سلطان احمد بن سلیم نے حکومت پاکستان کے مسلسل تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اور نئی شراکت داری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ملاقات کے دوران ڈی پی ورلڈ کے چیئرمین نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ پاکستانی مصنوعات کی متحدہ عرب امارات میں برآمدات کو فروغ دینے کے لیے ایک خصوصی نمائشی ہال مختص کیا گیا ہے، جس سے پاکستانی مصنوعات کی تشہیر اور اماراتی مارکیٹ تک ان کی آسان رسائی ممکن ہوگی۔وزیرِاعظم شہباز شریف نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے پاکستانی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔