اسلام آباد (ویب ڈیسک) – وفاقی دارالحکومت میں جاری جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہے، جہاں تقریباً 90 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علی الصبح منصوبے کا دورہ کیا۔ ان کے ہمراہ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ دورے کے دوران محسن نقوی نے تعمیراتی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی سخت ہدایت کی۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ:"منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت کام جاری رکھا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد سہولت میسر آ سکے۔"انہوں نے مزید کہا کہ انڈر پاس کی تکمیل سے ایئرپورٹ تا مری و کشمیر سگنل فری کوریڈور کی سہولت دستیاب ہوگی، جو شہریوں کے وقت اور ایندھن دونوں کی بچت کا سبب بنے گا۔
دورے کے موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ:انڈر پاس کی چھت کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ہارٹیکلچر اور الیکٹریکل ورک کا آغاز ہو چکا ہے۔منصوبے کے ڈرینج سسٹم، روڈ ورک اور اسفالٹ بچھانے کا عمل بھی زور و شور سے جاری ہے۔محکمہ سی ڈی اے کے مطابق، منصوبے کو جلد از جلد مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو ٹریفک میں درپیش مشکلات سے نجات ملے۔