پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک کی تعمیر 13 سال بعد دوبارہ شروع، محسن نقوی کی ہدایت پر 4 ماہ میں تکمیل کا ہدف

پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک کی تعمیر 13 سال بعد دوبارہ شروع، محسن نقوی کی ہدایت پر 4 ماہ میں تکمیل کا ہدف

ویب ڈیسک: پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک کی تعمیر کا منصوبہ 13 سال بعد دوبارہ فعال ہو گیا ہے، اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اس منصوبے پر تیزی سے کام شروع کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے آج زیرِ تعمیر نئے بلاک کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ منصوبہ 4 ماہ کے اندر مکمل کیا جائے تاکہ تمام پارلیمنٹرینز کو رہائش کی سہولت فراہم ہو سکے۔محسن نقوی نے بتایا کہ منصوبے کے لیے فنڈز کی منظوری دی جا چکی ہے اور اسے ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔ بریفنگ کے دوران چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے بتایا کہ یہ منصوبہ 2012 میں ٹھیکے پر دیا گیا تھا اور اسے 2013 میں مکمل ہونا تھا، لیکن کنٹریکٹر کی جانب سے کام روکنے اور قانونی پیچیدگیوں کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہو گیا۔ بعد میں منصوبے کو 2014 تک ایکسٹینشن دی گئی تھی۔نیا بلاک 104 یونٹس پر مشتمل ہوگا، جس سے پارلیمنٹرینز کے لیے جدید رہائشی سہولیات میسر آئیں گی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔