وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں سندھ جاب پورٹل کا افتتاح کر دیا ہے۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گریڈ 1 سے 5 کی ملازمتوں کا سلسلہ آنے والے 15 روز میں شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ جاب پورٹل کا افتتاح عوامی خدمت کی فراہمی میں ایک سنگِ میل ہے، یہ منصوبہ ڈیجیٹل تبدیلی، شفافیت اور عوام کے اختیار میں اضافہ کا مظہر ہے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ محکمۂ سائنس اینڈ آئی ٹی حکومت کا عملی اور اسٹریٹیجک بازو ہے، اور یہ پورٹل موثر، جامع اور شہری مرکزہ آئی ٹی سسٹمز کی بہترین مثال ہے، جو حکمرانی کو جدید خطوط پر استوار اور عوامی خدمات تک رسائی کو آسان بنا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری و دیہی علاقوں میں عوامی سہولت کے پلیٹ فارمز متعارف کرا رہے ہیں، اور یہ صرف آغاز ہے۔ سائنس اینڈ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ ڈیجیٹل خدمات کے دائرہ کار کو وسعت دے رہا ہے تاکہ عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلیاں لائی جا سکیں۔ مراد علی شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم ایسا سندھ بنا رہے ہیں جہاں ٹیکنالوجی عوام کا حق ہے، اور ہمارا مقصد قابلِ رسائی اور با اختیار نظام بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے ایک بہترین پورٹل تیار کیا ہے، جس سے نوجوانوں کو شفاف اور میرٹ پر ملازمتیں ملیں گی۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب بھی ملازمتوں کا اعلان ہوتا ہے تو اکثر معاملات عدالت تک پہنچ جاتے ہیں، لیکن اب ہم نظام کو آہستہ آہستہ ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملازمتوں کے لیے بار بار دستاویزات جمع کروانے اور ٹیسٹ دینے کے نظام کو ختم کر دیا ہے، اور اب تمام ٹیسٹ سکھر کے آئی بی اے سے لیے جائیں گے، جو تمام ملازمتوں کے لیے کافی ہوں گے۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گریڈ 1 سے 5 کی ملازمتوں کا سلسلہ آئندہ 15 روز میں شروع ہو جائے گا، اور امید ہے کہ یہ پورٹل شفافیت اور میرٹ پر ملازمتیں فراہم کرنے کا سبب بنے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس نظام کے ذریعے یہ تاثر بھی ختم ہونا چاہیے کہ بغیر سفارش کے نوکری نہیں ملتی۔