اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں حائل تمام رکاوٹیں فوری طور پر دور کرنے اور منصوبے کی جلد از جلد تکمیل کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
یہ ہدایات وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت دیامر بھاشا ڈیم اور دیگر آبی وسائل کے حوالے سے ہونے والے ایک اہم اجلاس میں جاری کی گئیں۔ اجلاس میں ڈیم کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور منصوبے کی بروقت تکمیل کے امکانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ:"پاکستان کی معاشی خود انحصاری کا انحصار سستی بجلی اور زراعت پر ہے۔ ان اہداف کے حصول کے لیے پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ اور نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے۔"انہوں نے مزید کہا کہ نہ صرف زراعت کے لیے پانی کی مسلسل فراہمی بلکہ سیلاب کی روک تھام کے لیے بھی بڑے آبی ذخائر ضروری ہیں۔
وزیرِاعظم نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ وہ دیامر بھاشا سمیت تمام اہم آبی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں اور منصوبوں کی رفتار میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔واضح رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم پاکستان کے سب سے بڑے زیر تعمیر آبی ذخائر میں سے ہے، جو نہ صرف پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کرے گا بلکہ ہزاروں میگا واٹ بجلی بھی پیدا کرے گا۔