چلی کے انٹارکٹک ریجن میں جمعرات کو ریکٹر اسکیل پر 7.5 شدت کا زلزلہ آیا، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اس کے نتیجے میں سونامی کا کوئی خطرہ پیدا نہیں ہوا۔
پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر کے مطابق زلزلے کے بعد مختصر وارننگ الرٹ جاری کیا گیا تھا، لیکن بعد میں اعلان کیا گیا کہ جنوبی امریکا اور انٹارکٹیکا کے درمیان واقع ڈریک پیسیج میں آنے والے اس زلزلے سے کسی قسم کی خطرناک سمندری لہریں نہیں اٹھیں گی۔امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کا کہنا ہے کہ یہ زلزلہ ارجنٹائن کے شہر یوشوایا کے جنوب مشرق میں تقریباً 700 کلومیٹر سے زائد فاصلے پر ریکارڈ کیا گیا۔ یوشوایا ایک اہم بندرگاہی شہر ہے جہاں لگ بھگ 57 ہزار افراد آباد ہیں۔دوسری جانب یورپی زلزلہ پیما مرکز (EMSC) نے بھی اطلاع دی ہے کہ میانمار اور بھارت کی سرحد کے قریب ریکٹر اسکیل پر 5.6 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ ان دونوں زلزلوں کے نتیجے میں فی الحال کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔