انڈونیشیا کے پاپوا میں 6.3 شدت کا زلزلہ، سونامی کا خطرہ مسترد

انڈونیشیا کے پاپوا میں 6.3 شدت کا زلزلہ، سونامی کا خطرہ مسترد

جکارتہ: امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق منگل کو انڈونیشیا کے مشرقی خطے پاپوا میں 6.3 شدت کا زلزلہ آیا، تاہم پیسفک سونامی وارننگ سینٹر نے واضح کیا ہے کہ اس زلزلے کے بعد سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 24 منٹ پر (0824 GMT) پاپوا کے شہر ابی پورا سے تقریباً 193 کلومیٹر شمال مغرب میں محسوس کیا گیا۔ ابتدائی طور پر اس کی شدت 6.5 بتائی گئی تھی، مگر بعد میں اسے 6.3 کر دیا گیا۔اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ انڈونیشیا بحرالکاہل کے "رِنگ آف فائر" پر واقع ہے، جہاں اکثر ٹیکٹونک پلیٹوں کے ٹکراؤ کی وجہ سے زلزلے اور آتش فشانی کی سرگرمیاں رونما ہوتی ہیں۔گذشتہ چند دہائیوں میں انڈونیشیا کو کئی بڑے زلزلوں اور سونامیوں کا سامنا رہا ہے، جن میں 2004 کا آچے زلزلہ اور سونامی، 2018 کا پالو زلزلہ اور سونامی، اور 2021 کا سولاویسی زلزلہ شامل ہیں، جن میں ہزاروں افراد ہلاک اور لاکھوں بے گھر ہوئے تھے۔حکام زلزلے کے اثرات کا جائزہ لے رہے ہیں اور مستقبل کے لیے چوکس رہنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔